17 ستمبر 2024 - 08:24
انصاراللہ یمن نے اسرائیل کے خلاف حملے روکنے کی امریکی اور برطانوی تجویز مسترد کردی

انصاراللہ یمن کے سیاسی بیورو کے رکن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی تنظیم نے امریکہ اور برطانیہ کی جانب سے اس تجویز کو مسترد کردیا ہے کہ اگر اسرائیل پر حملے روک دیئے جائیں تو وہ ہماری حکومت کو تسلیم کرلیں گے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کے مطابق، انصار اللہ کے سیاسی بیورو کے رکن محمد البخیتی نے کہا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ نے ثالثوں کے ذریعے ہمیں پیشکش کی ہے کہ اسرائيل پر حملے روکنے کے صورت میں وہ صنعاء میں ہماری حکومت کو تسلیم کریں گے لیکن ہم نے اس تجویز کو مسترد کردیا ہے۔

گذشتہ مہینوں کے دوران غزہ کے عوام کی حمایت میں یمنی مسلح افواج نے صہیونی ریاست کے متعدد بحری جہازوں یا اس کے سامان لے جانے والے بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے جو بحیرہ احمر، بحر ہند اور آبنائے باب المندب کے راستے مقبوضہ علاقوں (اسرائيل) کی طرف جا رہے تھے۔

امریکہ اور برطانیہ نے بین الاقوامی جہاز رانی کی حفاظت کے بہانے متعدد بار یمنی افواج کے ٹھکانوں پر حملے کیے لیکن بین الاقوامی ماہرین کے مطابق یہ اقدامات بحیرہ احمر میں صہیونی ریاست کے بحری جہازوں پر یمنی فوج کے حملے روکنے میں ناکام رہے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔

110

ارنا